ڈاکٹر محمدکمال نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان
ڈاکٹر محمد کمال صاحب ضلع صوابی کے گاﺅں مرغز میں 1941ءمیں ایک دینی مزاج رکھنے والے گھرانے میں پیدا ہوئے ۔آپ کے والد محترم جان محمد خان صاحب مرحوم جماعت اسلامی کے ابتدائی ارکان میں سے تھے اور اس سلسلے میں پٹھانکوٹ بھی جا چکے تھے۔ ابتدائی تعلیم کا آغاز گاﺅں ہی میں ہوا ، پھر راولپنڈی منتقل ہوگئے۔ پانچویں جماعت یہاں آکر پاس کی ۔ میٹرک اسلامیہ ہائی سکول لیاقت روڈ راولپنڈی سے 1958ءمیں کیا اور انٹر گارڈن کالج راولپنڈی سے 1961ءمیں کیا۔ بعد ازاں اسلامیہ کالج پشاور میں بی ایس سی میں داخلہ لیا۔ اس وقت ڈگری کورس تین سال کا ہوتاتھا۔ ابھی بی ایس سی کا پہلا سال ہی پاس کیاتھا کہ انٹر سائنس کی بنیادپر خیبر میڈیکل کالج پشاور میں داخلہ ہوگیا اور وہاں سے 1969ءمیں ایم بی بی ایس کی ڈگری لی ۔
آپ سکول کے زمانے ہی سے جمعیت سے وابستہ ہو گئے تھے۔ دسمبر1962ءمیں جمعیت کے باقاعدہ رکن بنے۔ پشاور یونیورسٹی مقامی جمعیت پشاور ،حلقہ پشاور اور حلقہ شمال مغربی پاکستان (یہ حلقہ موجودہ صوبہ سرحد اور راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع پر مشتمل تھا ) کے الگ الگ اور بعض اوقات بیک وقت بھی ناظم رہے ہیں۔ 1967ءتا1969ء(دوسال ) آپ جمعیت کے ناظم اعلیٰ رہے ۔
ایم بی بی ایس کرنے کے بعد جماعت کے فیصلے اور حکم پر واہ کینٹ میں کینٹ بورڈ ڈسپنسری میں خدمات سرانجام دیں ۔ شام کے وقت پرائیویٹ پریکٹس بھی کرتے تھے اور علاقے میں بہت مقبول تھے اپنی پریکٹس کی وجہ سے وسیع پیمانے پر علاقے میں متعارف ہوئے ۔ اس کے بعد سعودی عرب میں بسلسلہ ملازمت چلے گئے اور کم وبیش پانچ سال وہاں مقیم رہے ۔ پھر جماعت کے فیصلے کے تحت پاکستان منتقل ہوئے ۔ اپنی پریکٹس دوبارہ شروع کی ۔ جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کی ذمہ داریاں بھی ادا کرتے رہے ۔ اسلام آباد میں دھرنے کے موقع پر مصروفیت بڑھ گئی اس کے بعد پریکٹس چھوڑ دی اور ہمہ وقت جماعت ہی کا کام کرنا شروع کردیا ۔ راولپنڈی میڈیکل کالج کے ساتھ لیکچر رکے طور پر متعلق ہوئے ۔ وہ جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر ،مرکز میں نائب قیم اور اب نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان کے طور پر کام کررہے ہیں ۔ ڈاکٹر صاحب مرکز کی مختلف کمیٹیوں اور پالیسی ساز اداروں کے عرصہ دراز سے رکن ہیں۔ ڈاکٹر صاحب جماعت کی طرف سے قرطبہ پراجیکٹ سے بھی متعلق ہیں ۔
ڈاکٹر صاحب ایک وسیع المطالعہ شخص ہیں بہت اچھا ادبی ذوق بھی رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر صاحب کا قرآن کے ساتھ شغف بہت معروف ہے۔ ڈاکٹرصاحب کو قرآن پڑھنا ،سننا اور سمجھنا ہمیشہ مرغوب رہا۔ ان کا درس قرآن زمانہ طالب علمی سے ہی بہت پسند کیا جاتارہاہے۔ ڈاکٹر صاحب اس لحاظ سے بہت خوش قسمت انسان ہیں کہ ان کے والد ،وہ خود ،ان کے بچے اور بھائی سب ہی جماعت اسلامی کے کارکن ہیں۔ پورا خاندان دین کی خدمت کے لئے یکسو ہے۔