چیف جسٹس ریلوے انتظامیہ کوغریبوں کے مکان مسمار نہ کرنے کے احکامات دیں۔لیاقت بلوچ

  • Bookmark and Share

لاہور22فروری2012 ء:جماعت اسلامی پاکستان کےسیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے ریلوے اتحاد کالونی ویلفیئر سوسائٹی کے صدر منظور احمد چوہدری نے ملاقات کی اور انہیں ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ریلوے ٹریک کے ساتھ بنی ہوئی کچی آبادیوں میںمکانات کو گرانے کے نوٹسز دیے جانے پر عوام میں پائی جانے والی تشویش سے آگاہ کیا ۔ چوہدری منظور احمد نے لیاقت بلوچ کو بتایا کہ اتحاد کالونی ، قربان لائن اور دیگر علاقوں کے مکین ریلوے کو کچی آبادی کے ریٹ کے مطابق زمین کا معاوضہ ادا کرنے کو تیار ہیں ، ریلوے انتظامیہ انہیں گھروں سے بے دخل نہ کرے ۔

          لیاقت بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی غریب و مجبور عوام کا ہر فورم پر ساتھ دے گی ۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ سوموٹو ایکشن لیتے ہوئے ریلوے انتظامیہ کو لوگوں کے مکانوں کو مسمار کرنے سے روکنے کے احکامات صادر کریں ۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے بھی ریلوے انتظامیہ کے خلاف حکم امتناعی جاری کیاہے کہ وہ کچی آبادیوں کے مکینوں کے گھروں کو مسمار نہ کریں لیکن ریلوے انتظامیہ عدالت کے احکام کو کسی خاطر میں نہیں لا رہی ۔ انہوں نے کہاکہ عوام پہلے ہی ظالم حکومت کے عاقبت نا اندیشانہ اقدامات سے تنگ ہیں ، حکمرانوں نے غریب عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ تک چھین لیاہے اب ان کے سروں سے چھت کا سایہ بھی چھین رہی ہے ۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں ۔ ریلوے کی زمینوں پر بنی کچی آبادیوں کو گرانے سے گریز کیا جائے اور ان مکینوں کو کچی آبادیوں کی قیمتوں کی مناسبت سے معاوضہ لے کر مالکانہ حقوق دیے جائیں ۔