اے این پی نے ہمیشہ افغانوں کے خلاف سامراجی قوتوں کا ساتھ دیا ہے اور جب امریکہ نے افغانستان پر فوج کشی کی تو اسفندیار ڈالروں کے عوض امریکہ کی چاکری کرنےلگے۔سراج الحق
لاہور26جنوری2012 ء:جماعت اسلامی پاکستان کےمرکزی نائب امیر سراج الحق نے کہاہے۔کہ اے این پی نے ہمیشہ افغانوں کے خلاف سامراجی قوتوں کا ساتھ دیا ہے۔ روس نے جب افغانستان پر چڑھائی کی تو پختونخوں کے حقوق کے علمبردار روسیوں کی گود میں بیٹھ کر پختونوں کی تباہی میں شریک رہے اور جب امریکہ نے افغانستان پر فوج کشی کی تو اسفندیار ڈالروں کے عوض امریکہ کی چاکری کرنے لگے۔اے این پی حکومت نے صوبے کو دہشت گردی،بے روزگاری اور کرپشن کی آہ جگاہ بنادیا ہے۔
جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے اخون آباد(پی کے 3پشاور) میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سابق ایم این اے صابر حسین اعوان اور سابق ناظم خالد گل نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔تقریب میں متعدد افراد نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ اے این پی رہنماﺅں کی پختون دشمنی اب عیاں ہوچکی ہے اور پختونوں نے اُن کی حقیقت کو جان لیا ہے اور انشاءاللہ آئندہ انتخابات میں اے این پی صوبے بھر سے ایک سیٹ بھی نہیں جیت سکے گی۔اُنہوںنے کہا کہ اے این پی کے دارلحکومت میں لاکھوں پختونوں کو اپنی ہی سرزمین پر بے گھر ہونا پڑا۔اُنہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی شروع سے یہ کہتی رہی کہ نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری نہیں بلکہ امریکہ کی جنگ ہے۔لیکن حکمرانوںنے ڈالروں کے حصول کے لئے امریکہ کا ساتھ دیا۔حالانکہ پاکستان کو امریکہ سے جو امداد ملی اُس سے زیادہ نقصان ہماری معیشت کو اُٹھا نا پڑا۔اُنہوںنے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ پختونوں کے نام پر سیاست چمکانے والے اسفندیار ولی بھی ڈالروں کی چمک میں پختونوں پر ہونے والے مظالم میں حصہ دار بن گئے ۔اُنہوںنے کہا کہ انشاءاللہ مستقبل جماعت اسلامی کا ہے اور صوبے میں آئندہ حکومت جماعت اسلامی بنائیگی۔