لاہور25جنوری2012 ء:جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن کے سربراہ میمو گیٹ کا معاملہ سپریم کورٹ لے کر گئے تھے تو اب ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ سپریم کورٹ میں تمام معاملات کو لے کر آئیں ۔ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات کی آڑ میں حکومت اگر نیٹو کی سپلائی لائن بحال کرے گی تو ہم حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ چمن سے طور خم تک تمام راستوں کو بلاک کر دیں گے ۔ ملک گیر اور پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر احتجاج کریں گے ۔ این آر او کے کالعدم ہونے کے بعد جو جرائم معاف کیے گئے تھے وہ جرائم اسی طرح موجود ہیں ۔ سپریم کورٹ کو اس پر ایکشن لیناچاہیے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی اور الخدمت فاﺅنڈیشن لاہور کے زیر اہتمام ثریاعظیم ہسپتال میں تین روزہ میڈیکل کیمپ کے دورہ کے موقع پر پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ثریا عظیم ہسپتال کے ایڈمنسٹریٹر فیض الباری ، قدیربشیر و دیگر بھی موجود تھے۔
لیاقت بلوچ نے کہاکہ جس وقت میمو سکینڈل کے حوالے سے امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن اور وائٹ ہاﺅس سے کہا گیا کہ امریکہ تمام معاملات کو مانیٹر کر رہاہے اسی وقت اندازہ ہوگیا تھاکہ یہ معاملات کہاں جائیں گے ۔ حکمران امریکی مطالبات کو تسلیم کرنے کو تیار ہیں ۔ منصور اعجاز کے پاکستان آنے میں امریکہ بھی رکاوٹیں ڈال رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے نیٹو سپلائی کی بحالی کا کام ہورہاہے ۔ ڈرون حملوں پر حکومت نے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہاکہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے سپریم کورٹ میں پیش ہونے کے بعد این آر او کی بنیاد پر جرائم تو ختم نہیں ہوئے ہیں ۔ میں سپریم کورٹ سے بھی سوال کرتاہوں جب این آر او کالعدم قرا ر دیا تو 8 ہزار افراد جن میں فوجی جرنیل ، بیوروکریٹس ، سیاستدان اور 9 ہزار سے زائد ایم کیو ایم کے مجرم تھے ان کے خلاف عدالتوں نے از سر نو سماعت شروع کیوں نہیں کی ۔ قوم کسی صورت کرپشن ٹارگٹ کلنگ میں ملوث قومی مجرموں کو معاف کرنے کو تیار نہیں ہے ۔ایک دوسرے سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہاکہ منصور اعجاز کے وکیل اکرم شیخ کا یہ کہنا کہ میاں نوازشریف میمو کے حوالے سے کچھ پیچھے ہٹ گئے ہیں تو اس کی وضاحت مسلم لیگ ن ہی کر سکتی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کسی غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی ۔ این آر او زدہ حکمرانوں نے جمہوریت کو داغدار کیا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ جماعت اسلامی جہاں قرآن و سنت کی تبلیغ کرتی ہے وہیں سیاسی جمہوری نظام کی بھی ترویج کرتی ہے وہ ہر جگہ لوگوں کی خدمت کاکام جاری رکھے ہوئے ہے ۔ پورے ملک میں میڈیکل کیمپ لگائے جارہے ہیں عوامی خدمت کو ہم قومی ودینی فریضہ سمجھتے ہیں۔